اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے مقدمات میں سزائے موت پانے والے مجرموں کی سزاؤں پر عملدرآمد کے تحت مزید دو اور شدت پسندوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ پھانسیاں کراچی کی سینٹرل جیل میں منگل کو صبح سوا چھ بجے دی گئیں۔
سزائے موت پانے والے مجرموں میں عطا اللہ اور محمد اعظم شامل تھے جن کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی تھا۔
ان دونوں نے 2001ء میں کراچی کے سولجر بازار میں ڈاکٹر علی رضا پیرانی کو قتل کیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے دونوں مجرموں کو 2004ء میں سزائے موت سنائی تھی اور ان کی طرف سے کی جانے والی اپیلوں کو تمام عدالتیں مسترد کر چکی تھیں جب کہ صدر مملکت نے بھی ان کی رحم کی اپیل نامنظور کر دی تھی۔
اطلاعات کے مطابق ان دونوں مجرموں کو سکیورٹی خدشات کے باعث 2012ء میں سکھر جیل منتقل کیا گیا تھا اور گزشتہ ماہ ان کے بلیک وارنٹ جاری ہونے کے بعد انھیں حال ہی میں کراچی جیل واپس لایا گیا۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد ملک میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے جیلوں میں قید سزائے موت پانے والے دہشت گردوں کی پھانسی پر عملدرآمد کا حکم دیا تھا۔
دسمبر 2014ء میں پھانسیوں پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد سے اب تک 22 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔
.......
/169